ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیرِ اعظم نواز شریف کی نااہلی کا ریفرنس مسترد

وزیرِ اعظم نواز شریف کی نااہلی کا ریفرنس مسترد

Mon, 05 Sep 2016 15:47:16    S.O. News Service

اسلام آباد5؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکرنے وزیراعظم نوازشریف کی اہلیت سے متعلق دائرکیاگیاریفرنس ناکافی شواہدکی بنیادپرمستردکر دیا ہے۔ادھر حکمراں جماعت کے ارکانِ قومی اسمبلی کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیاگیاہے۔نواز شریف کے خلاف ریفرنس عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی طرف سے دائرکیاگیاتھاجس میں پانامالیکس میں سامنے آنے والی آف شور کمپنیوں کی معلومات کے تناظر میں وزیرِاعظم کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی۔نامہ نگار ارم عباسی کے مطابق150سے زیادہ صفحات پر مشتمل ریفرنس میں شیخ رشید نے موقف اختیارکیاتھاکہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد وزیراعظم نے جھوٹ بول کر آئین کے آرٹیکل63کی شق2کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے انھیں نااہل قرار دیا جائے۔آئین کی ان شقوں کے مطابق صرف صادق اور امین شخص ہی قومی اسمبلی کا رکن بن سکتا ہے۔پیر کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے یہ ریفرنس اس بنیاد پر مسترد کر دیا گیا کہ اس درخواست کے ساتھ ایسے دستاویزی شواہد موجود نہیں جن کی روشنی میں وزیرِ اعظم کو نااہل قرار دیا جا سکے۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس میں وزیر اعظم کے بچوں کے نام آنے کے بعد میاں نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ایک درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر کی تھی جسے اعتراض لگا کر واپس کیا جا چکا ہے۔خیال رہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پرپاکستان کے الیکشن کمیشن نے حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے دائر کی گئی درخواستوں پر وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ اور وفاقی وزیر خزانہ سمیت چھ افراد کو نوٹس جاری کیے ہوئے ہیں جن کی سماعت منگل کو ہوگی۔ادھر حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس بھی مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔یہ ریفرنس حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی طرف سے چار اگست کو دائر کیا گیا تھا۔نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سپیکر کی جانب سے اس ریفرنس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور قانون کے مطابق ایک ماہ پورا ہونے کے بعد یہ معاملہ اب خود بخود الیکشن کمیشن کے پاس چلاگیاہے۔نااہلی کے اس ریفرنس میں عمران خان کی طرف سے ٹیکس چھپانے کے لیے آف شور کمپنی بنانے کے اعتراف اورگوشواروں میں اپنے اثاثے چھپانے کا ذکر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اس ریفرنس میں پاکستان میں اُن کی جائیداد اور اس پر بننے والا ٹیکس ادا نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔


Share: